بنگلورو،20؍اکتوبر(ایس او نیوز) برہت بنگلور مہانگر پالیکے کی اسٹانڈنگ کمیٹیوں کیلئے آج اتفاق رائے سے ممبران اور چیرمینوں کا انتخاب عمل میں آیا۔ بی بی ایم پی کی اہم ترین ٹیکس اینڈ فائنانس اسٹانڈنگ کمیٹی کیلئے شیواجی نگر اسمبلی حلقہ کے جئے محل وارڈ کی نمائندگی کرنے والے ایم کے گنا شیکھر چیرمین منتخب ہوئے۔ جبکہ ایک اور اہم کمیٹی میجر ورکس کیلئے چندرپا کو چیرمین منتخب کیاگیا۔ ہیلتھ کمیٹی چیرمین کے طور پر آزاد کارپوریٹر ہوئسلا نگر کے آنند کمار چیرمین چنے گئے۔ ٹاؤن پلاننگ کمیٹی کیلئے لگیرے وارڈ کی منجولانارائن سوامی کو چیرمین منتخب کیاگیا۔ اکاؤنٹس کمیٹی کیلئے کاول بیرسندرا کی کارپوریٹر نیترا نارائن کو چیرمین شپ ملی۔ وارڈ ورک کمیٹی کی چیرمین شپ ناگپور وارڈ کے کارپوریٹر بھدرے گوڈا نے حاصل کی۔ سماجی انصاف کمیٹی کے چیرمین کے طور پر سگایا پورم کے کارپوریٹر ایلو ملائی ، دوسری میعاد کیلئے برقرار رہیں گے۔ اپیلس کمیٹی کیلئے یشونت پور کے کارپوریٹر وینکٹیش کا بلامقابلہ انتخاب عمل میں آیا۔آج ڈویژنل کمشنر جینتی کی نگرانی اور میئر جی پدماوتی کی صدارت میں منعقدہ بی بی ایم پی کونسل اجلاس میں 12؍ چیرمینوں اور ہر کمیٹی کیلئے گیارہ گیارہ کے حساب سے 132 ممبران کا انتخاب عمل میں آیا۔ بی بی ایم پی کی انتہائی اہم ترین ٹیکس اینڈ فائنانس کمیٹی کے چیرمین بننے پر ایم کے گنا شیکھر کو ریاستی وزیر برائے شہری ترقیات وحج اور شیواجی نگر کے رکن اسمبلی جناب روشن بیگ نے مبارکباد دی اور کہاکہ تیسری بار کارپوریٹر کی حیثیت سے منتخب گنا شیکھر بی بی ایم پی میں اپنے دیرینہ تجربہ کو بروئے کار لاتے ہوئے بی بی ایم پی کو ٹیکسوں کے ذریعہ ہونے والی آمدنی میں اضافہ کیلئے جدوجہد کریں گے اور ساتھ ہی شہر کی ترقی کیلئے حلقہ کے تمام کارپوریٹروں کو اعتماد میں لے کر کام کریں گے۔